اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حسین نواز کے بعد نیشنل بینک کے صدر سعید احمد بھی پاناما جے آئی ٹی کے خلاف سراپا احتجاج، رجسٹرار سپریم کورٹ سے مبینہ توہین آمیز سلوک کی شکایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق صدر نیشنل بینک سعید احمد نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو
پانامہ جے آئی ٹی کے مبینہ طور پر توہین آمیز روئیے اور سلوک کے خلاف خط لکھ دیا ہے۔ خط میں سعید احمد کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ جے آئی ٹی میں پیش ہونیوالے کیساتھ عزت سے پیش آیا جائے لیکن جے آـئی ٹی نے اس کے برعکس دھمکایا اور توہین آمیز رویہ اختیار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے مجھے 5گھنٹے انتظار کروایاابتدائی سوالات کے بعد مجھے دستاویز پڑھنے کےبعد بیان دینے کے لیے کہا اور مسلسل 12 گھنٹے تک مجھ سے سوالات کیے گئے۔ واضح رہے کہ سعید احمد جے آئی ٹی میں سمن ملنے کے باوجود پیش نہیں ہوئے ہیں جس پر جے آئی ٹی نے اس بارے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے سعید احمد کے اس عمل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پیشی کا حکم دیا تھا۔ سعید احمد کا رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط اسی تناظر میں لکھا گیا ہے۔