اسلام آباد/لندن (آئی این پی)وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد ایف آئی اے نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کیلئے اعتراضات دور کر کے انٹرپول کو ایک بار پھر درخواست ارسال کر دی ‘ درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی ایم کیو ایم فوجداری مقدمات میں پاکستانی عدالتوں کو مطلوب ہے۔ جمعہ کو ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کیلئے تفصیلی مشاورت کے بعد انٹرپول کی طرف سے اٹھائے گئے
اعتراضات دور کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے کو ہدایت کی کہ وہ انٹرپول سے رابطہ کرے اور الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ جاری کروائے جائیں۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کیلئے انٹرپول کو ایک بار پھر درخواست ارسال کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بانی ایم کیو ایم فوجداری مقدمات میں پاکستانی عدالتوں کو مطلوب ہے۔ درخواست میں انٹرپول کے قواعد و ضوابط کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام قانونی تقاضے بھی پورے کئے گئے ہیں