اسلام آباد(مانیـٹرنگ ڈیسک) میٹروبس،اسپیڈو بس اور اورنج لائن ٹرین کے بعد اب لاہوریوں کے لیے ایک اور پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ، اہلیان لاہور اب ہوا میں بھی سفر کے مزے لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق میٹرو بس، اسپیڈو بس اور اورنج لائن ٹرین پراجیکـٹ کےبعد اب اہلیان لاہور کیلئے خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ایک اور حیرت انگیز شاندار منصوبے کا اعلان کر دیا ہے
اور اس سلسلے میں لاہور کے تین مقامات پر ’’روپ ویز‘‘پراجیکٹ کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔پراجیکٹ سے متعلق فیصلہ وزیراعلیٰ نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب میں روپ ویز ٹرانسپورٹ متعارف کروانے کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اجلاس کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ’’روپ ویز‘‘منصوبے کیلئے کیبل کار کا سسٹم تیار کرنے کیلئے ایک غیر ملکی کمپنی نے پنجاب حکومت کیساتھ پروگرام پر کام کرنے کیلئے اتفاق کیا ہے۔’’روپ ویز‘‘منصوبے کیلئے لاہور کےجن علاقوں کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ان میں امامیہ کالونی سے ریلوے سٹیشن، مقبرہ جہانگیر سے گریٹر اقبال پارک اور جلو موڑ سے ٹھوکر نیاز بیگ تک کا علاقہ شامل ہے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین منصوبے پر حکومت پنجاب کو مختلف حلقے تنقید کا بھی نشانہ بنا چکے ہیں جبکہ اورنج لائن ٹرین کے حوالے سے کیس لاہور ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت ہے جس میں درخواست گزار نے لاہور کے ورثے کو غیر محفوظ کرنے اور ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے پنجاب حکومت کو فریق بنایا ہوا ہے۔