لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ سید خورشید شاہ پیپلز پارٹی کی پی ٹی آئی سے ہاتھ ملانے کی تمام کوششوں میںناکامی کے بعد مایوسی میں عجیب طرح کے بیانات دے رہے ہیں،
قوم اچھی طرح جانتی ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ ایک ہی سکے کے دو رخ اور ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے میں دونوں برابر کے شریک ہیں۔سید خورشید شاہ کے بیان پر اپنے رد عمل میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے عمران خان کی نا اہلی کے خواب دیکھنے کی بجائے اپنی فکر کریں جنہیں پوری قوم نا اہل قرار دے کر مسترد کر چکی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپشن کے خلاف تاریخی مہم چلا رہی ہے جس سے کئی دہائیوں سے مُک مکا کر کے اقتدار کی باریاں لینے والوںکے اصل چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بھرپور کوشش تھی کہ پی ٹی آئی سے اتحاد کر کے اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کر سکے لیکن عمران خان کا دو ٹوک موقف ہے کہ ملک و قوم کا پیسہ لوٹنے والوں سے کسی صورت اتحاد نہیں کریں گے اور اسی دکھ اور مایوسی میں سید خورشید شاہ عجیب طرح کے بیانات دے رہے ہیں۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی عملی طور پر میدان میں ہے اور آئندہ عام انتخابات میں(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی طویل پارٹنر شپ کو توڑیں گے تبھی اس ملک سے کرپشن کے ناسور کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو سکے گا۔