اسلام آباد (آئی این پی) حکومت نے مالی سال2017-18کے بجٹ میں دفاع کیلئے مختص رقم میں 7 فیصد اضافہ کردیا ،2016-17 میں حکومت نے دفاع کیلئے 860 ارب مختص کیے تھے تاہم مسلم لیگ (ن) نے اپنی حکومت کے آخری سال بجٹ میں دفاع کیلئے 920 ارب روپے مختص کردیئے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو قومی اسمبلی میں پیش ہونے والے مالی سال2017-18کے بجٹ میں دفاع کیلئے مختص رقم میں 7 فیصد اضافہ کردیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس دفاع کے لیے مختص مکمل طور پر خرچ نہیں ہوا، 860 ارب میں سے 841 ارب روپے کا بجٹ خرچ کیا گیا ہے۔بجٹ میں فوجی اہلکاروں اور افسران کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی الاونس کا بھی اعلان کیا گیا جو کہ بنیادی تنخواہ پر ادا کیا جائے گا۔وزیرخزانہ اسحق ڈار نے نئے مالی سال کے بجٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فوجی اہلکاروں اور افسران کو ان کی قربانیوں کے اعتراف میں تنخواہ میں اضافے کے علاوہ ایک خصوصی الاونس دیا جائے گا۔