اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) یہ بات تو سب کو ہی معلوم ہو گی کہ پرانے وقتوں میں کبوتروں سے پیغام رسانی کا کام لیا جاتا تھا ، لیکن آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ منشیات سمگلروں نے منشیات کی سمگلنگ کیلئے اب کبوتروں کو بطور پورٹر استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔اسی قسم کا ایک واقعہ چند روز قبل کویت میں پیش آیا جہاں کویتی کسٹم حکام نے ایک ایسا کبوتر ’’گرفتار‘‘ کیا ہے جو منشیات کی ننھی ننھی گولیاں کویت سے عراق اسمگل کرنے کی کوشش کررہا تھا۔
کویتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پکڑے جانے والے کبوتر کے جسم پر ایک تھیلی بندھی ہوئی تھی جس میں نشہ آورشے کی 178 گولیاں بند تھیں ۔ حکام کا کہنا ہے منشیات کی گولیاں ایسی غیر قانونی دعوتوں میں استعمال کی جاتی ہیں جہاں شراب سے لے کر شباب تک ہر طرح کی ممنوعہ اور غیر اخلاقی چیز کی اجازت ہوتی ہے۔کویتی کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ ان کے پاس پہلے سے اطلاعات موجود تھیںلیکن اس سلسلے میں انہیں یہ پہلی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔