اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھارتی شہری عظمیٰ کی وطن واپسی کی درخواست پر وزارت خارجہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی شہری عظمیٰ نے اپنے ملک واپس جانے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے جس میں عظمیٰ نے اپنے شوہر اور وزارت خارجہ کو فریق بنایا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ اس کی پانچ سال کی بیٹی بھارت میں شدید بیمار ہے
اس لئے اسے بھارت واپس جانے کی اجازت دی جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ طاہر سے زبردستی نکاح کرایا گیا طاہر نے ان کی سفری دستاویزات بھی چھین لیں لہذا بھارت واپسی کے لئے وزارت خارجہ کو ڈپلیکیٹ امیگریشن فارم جاری کرنے کی ہدایت کی جائے۔ اس استدعا پر عدالت نے وزارت خارجہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 22مئی تک جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔