اورماڑہ(مانیٹرنگ ڈیسک) اقتصادی راہداری منصوبے کے سمندری راستے کی حفاظت کیلئے چین کی جانب سے فراہم کیے گئے دو بحری جہازوں کو باضابطہ طور پر میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے بیڑے کا حصہ بنادیا گیا۔اس حوالے سے جناح نیول بیس پر پی ایم ایس ایس ہنگول اور پی ایم ایس ایس باسول کی باضابطہ میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کو منتقلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا
کہ’ہمارے میری ٹائم کے شعبے نے پاک چیناقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘حکومت کی جانب سےراہداری کے سمندری راستے کے تحفظ کیلئے پاکستان نیوی اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کو تمام آپریشنل ذرائع فراہم کیے جائیں گے کیونکہ یہ نا صرف پاکستان اور چین کیلئے اہم سماجی و اقتصادی منصوبہ ہے بلکہ یہ خطے کے دیگر ممالک کیلئے بھی اہم ہے۔ملک کی سیکیورٹی فورسز خاص طور پر سمندری حدود کے تحفظ کے حوالے سے میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے اہلکاروں کی تعریف کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ‘ریاستی اداروں کو مضبوط بنانے کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کا نقطہ نظر انتہائی واضح ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میری ٹائم فورسز کے اہم کردار کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے اس کو مزید مضبوط بنانے کیلئے نئے قابل اور قوی بحری جہازوں کی خریداری کیلئے 15 کروڑ ڈالر مختص کیے ہیں۔