اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ نے یوٹیلیٹی سٹورز پر فروخت ہونے والی اشیاء اور ڈبہ بند دودھ پر رپورٹ طلب کر لی ۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثارنے ریمارکس دیئے کہ کارروائی صرف کاغذوں میں ہوتی ہے جبکہ زمینی حقائق کچھ اورہیں ۔چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے یوٹیلٹی اسٹورز پرناقص گھی سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کی ۔ یوٹیلیٹی سٹورز میں ناقص گھی کی فروخت کے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی
جس میں بتایا گیا کہ سہیل اور حفیظ گھی کارپوریشن پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ یوٹیلٹی سٹورز پرآئندہ صرف برانڈڈ مصنوعات فروخت ہوں گی ۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کاغذوں میں کاروائی اچھی بات ہے، عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ غذا ٹھیک نہیں ہو گی تواس کا براہ راست اثر انسانی صحت پرہو گا۔سپریم کورٹ نے یوٹیلیٹی اسٹورز پرڈبہ بند دودھ اور دیگر فروخت ہونے والی اشیاء کی فہرست دس روز میں طلب کر لی ہے۔