اسلام آباد (ماٹیرنگ ڈیسک ) وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کے معاون خصوصی ڈاکڑآصف کرمانی کی آزاد کشمیر کے معاملات میں مداخلت کیخلاف آزاد کشمیر کی وکلاء برادری بھی میدان میں اتر آئی ہے اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولاکوٹ نے ڈاکٹر آصف کرمانی کے خلاف مذمتی قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کر لی ہے، قرار داد میں کہا گیا ہے کہ آصف سعید کرمانی نے اختیارات کا استعمال کر کے سردار طاہر انور کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر کروائی ہے. وزیراعظم پاکستان آصف سعید کرمانی کو آزاد کشمیر میں مداخلت سے روکیں، جبکہ قرار داد کی کاپیاں وزیراعظم پاکستان، اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم آزاد کشمیر، چیف جسٹس پاکستان، وزیر قانون اور وزیر داخلہ پاکستان کو ارسال کی گئی ہیں، قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئی جی آزاد کشمیر پولیس کو ڈاکٹر آصف کرمانی کی ایما پر غلط ایف آئی آر دینے پر فوری ہٹایا جائے، جبکہ ڈی آئی جی پونچ، ایس پی راولاکوٹ اور ایس ایچ او راولاکوٹ کو فوری تبدیل کیا جائے.