اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف نے شریف خاندان کی کمپنیوں اور بیرون ملک جائیداد کے مزید شواہد جمع کرنے کے لئے پارٹی کی لندن قیادت کو متحرک کر دیا جبکہ تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کے بچوں کی بیرون ملک جائیداد کے حوالے سے بیانات میں تضاد ہے۔ ہم پانامہ لیکس پر سپریم کورٹ میں اپنا موقف درست ثابت کریں گے۔ پیر کے روز بنی گالہ میں چیئر مین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی اسٹریٹجی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں عمران اسماعیل، اسد عمر، شیریں مزاری، نعیم الحق اور جہانگیر ترین سمیت دیگر سینئر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی کی جانب سے پیر کو عدالت عظیٰ میں شریف خاندان کے خلاف جمع کرائی گئی کرپشن کی دستاویزات پر چیئر مین تحریک انصاف کو بریفنگ دی گئی اور آج سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت پر قانونی ماہرین سے کمپنیوں اور بیرون ملک جائیداد سے متعلق مزید شواہد جمع کرنے کے لئے پارٹی کی لندن قیادت کو متحرک کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان ولٹ مار اور کرپشن کو چھپانے کے لئے حربے استعمال کر رہی ہے۔ پانامہ پر وزیراعظم اور ان کے بچوں کے بیانات میں تضاد موجود ہے جو جھوٹ کابڑا ثبوت ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہم کرپشن لوٹ مار سے بیرون ملک جائیداد بنانے پر شریف خاندان کے حربوں کو ناکام بنا کر سپریم کورٹ میں اس لوٹی ہوئی دولت کے بارے میں اپنا موقف درست ثابت کریں گے۔