پشاور (آن لائن)قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سرچ آپریشن کے دوران ایک اشتہاری سمیت31 مبینہ دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا ،قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا جبکہ گرفتار افراد کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابقپشاور کے علاقے مچنی میں ایف سی نے مختلف کاروائیوں کے دوران 23 مشتبہ دہشت گرد گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ کی بھاری مقدار برآمد کرلی۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق برآمد کئے گئے اسلحہ میں 170 ایس ایم جی، 303 رائفلز ، 9 چائنہ رائفلز ، 161 پستول اور 5 دستی بم، 11 ریپٹرز اور ہزاروں راونڈز بھی شامل ہیں۔اطلاعات کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے خزینہ میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے رات گئے مشترکہ آپریشن کر کے اشتہاری سمیت 8افراد کو حراست میں لے لیا جن کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران ملزمان کے قبضے سے 3مشین گن ، 4رائفلیں ، 9پستول اور سینکڑوں گولیاں ملی ہیں جبکہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے ۔ اس کے علاوہ کرایہ داری ایکٹ کے تحت کوائف مکمل نہ ہونے پر 5افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ۔