اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخواہ حکومت نے بڑی تعداد میں سکولز بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیل کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت نے بڑی تعداد میں ایسے سکولز بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس میں 50 سے کم طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ نجی اخبار کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اپر دیر اور سوات نے اس ضمن میں گزشتہ دنوں ایک مراسلہ بھی جاری کیا ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ سکول انتظامیہ اپنے اداروں میں طلباء و طالبات کی تعداد کو بڑھائین ورنہ ان سے تمام سہولیات واپس لے لی جائیں گی اور مذکورہ سکولز بند کر دیئے جائیں گے۔ سکولوں کے سربراہوں کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ گھر گھر جا کر لوگوں کو اس بات پر قائل کریں کہ وہ اپنے بچوں کو ہر حال میں تعلیم دلوائیں تاکہ شرح خواندگی میں اضافہ ہوسکے۔ نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکومت خیبر پختونخواہ نے فیصلہ کیا ہے کہ تعلیمی استعداد کار بڑھانے اور معیار تعلیم کو مزید بہتر کرنے کیلئے ایسے تمام سکولز بند کرکے طلباء دوسرے ادارں میں ایڈجسٹ کر دیئے جائیں گے جہاں طلباء کی تعداد 50 سے کم ہے۔ خیبر پختونخواہ حکومت کے حکام کے مطابق صوبے میں ایسے سکولوں کی تعداد بہت زیادہ ہے جہاں 50 سے کم طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں۔