لاہور(آئی این پی) پنجاب میں سرکاری ملازم ڈبل تنخواہیں لینے لگے‘ محکمہ خزانہ پنجاب کی ٹاسک فورس نے 600 سے زائد سرکاری افسروں اور ملازمین کی نشاندہی کردی۔محکمہ خزانہ پنجاب نے چیف سیکرٹری کے احکامات پر ٹاسک فورس تشکیل دی جسے حکم دیا گیا تھا کہ لاہور اور صوبہ بھر میں گھوسٹ ملازمین اور ڈبل تنخواہ لینے والوں کی نشاندہی کی جائے۔ تین اضلاع میں انکشاف ہوا ہے کہ 600 زائد سرکاری افسر اور ملازمین ڈبل اکاونٹس کے ذریعے تنخواہ لے رہے تھے اور یہ کام اے جی آفس کے ملازمین کی ملی بھگت سے ہو رہا تھا۔دستاویزات کے مطابق ننکانہ میں 28 لاکھ، ملتان میں 60 لاکھ اور شیخوپورہ میں 20 لاکھ روپے کی اضافی رقم سرکاری افسروں کے اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی۔ ضلع ملتان میں 490، ننکانہ میں 61 اور شیخوپورہ میں 60 سرکاری ملازمین 3 سال میں 1 کروڑ روپے کی اضافی تنخواہیں لے چکے ہیں محکمہ خزانہ پنجاب کی ٹاسک فورس نے مذکورہ ملازمین سے اضافی تنخواہوں کی وصولی شروع کردی۔