لاہور( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری ملازمین کے دور دراز علاقوں میں تبادلے روکنے کے لئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ دور دراز علاقے افغانستان کا حصہ نہیں بلکہ وہاں بسنے والے بھی پاکستانی ہی ہیں جن کی خدمت سرکاری ملازمین کا فرض ہے۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزاروں کی طرف سے موقف اپنایا گیا کہ انہیں گھر سے دور اضلاع میں ٹرانسفر کر دیا گیا ہے۔ فاضل عدالت سے استدعا ہے کہ اس کا نوٹس لیا جائے اورٹرانسفر گھروں کے قریب کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔ فاضل عدالت نے اپنے ریمارکس دئیے کہ ججز اورسرکاری ملازمین نوکری لیتے وقت دور اور نزدیک فرائض کی ادائیگی کے دعوے کرتے ہیں مگر جب انہیں دور دراز علاقوں میں بھیجا جاتا ہے تو پھر ٹرانسفر کیلئے ہاتھ پاؤں مارنا شروع کر دیتے ہیں۔عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ دور دراز علاقوں میں بسنے والے پاکستانی نہیں یا دور دراز کے علاقے افغانستان کا حصہ ہیں۔ فاضل عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔