کراچی (این این آئی)ایران نیوی کے جہاز لاوان(LAVAN)، کوناراک KONARAK، فالا خین (FALAKHEN) اور خنجر KHANJAR کراچی بندر گاہ کے تین روزہ دورے پر آج کراچی پہنچے۔ پاکستان نیوی کے آفیسرز و سیلرز اور ایرانی سفارتی عملے نے جہازوں کا استقبال کیا۔ اس دورے کے دوران ایرانی بحری جہازوں کے آفیسرز اور سی پی اوز/سیلرزپاکستان نیوی کے ہم منصبوں سے باہمی دلچسپی کے موضوعات پر پیشہ ورانہ گفت و شنید اور تبادلہ خیال کریں گے۔علاوہ ازیں، آپریشنل تربیتی سرگرمیاں، نیوی کے اہلکاروں کے دوروں کے تبادلوں اورکھیلوں کے مختلف مقابلے بھی منعقد ہوں گے ۔دونوں ممالک کی نیول فورسز میں باہمی آپریشنز کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے بحری مشق کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔یہ دورہ حکومت پاکستان کی پالیسیوں کے عین مطابق خطے میں امن و امان کے فروغ میں مددگار ثابت ہو گا اور دونوں ممالک کی بحری فورسز کے درمیان میری ٹائم تعاون کو بڑھانے کا باعث ہو گا۔