ساہیوال( این این آئی)عبدالجبار آزاد امیدوار مسلم لیگ (ن )کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہو،این اے 162قومی اسمبلی ضمنی الیکشن 19ستمبر میں چھ امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوگا ۔ جن میں مسلم لیگ (ن )کے چوہدری محمد طفیل جٹ ، تحریک انصاف کے رائے مرتضیٰ اقبال اور پیپلز پارٹی کے محمد شہزاد چیمہ سابق ایم پی اے تینوں اپنی اپنی پارٹی کے ٹکٹ ہولڈروں کے علاوہ سابق ایم این اے مسلم لیگ (ن )چوہدری زاہد اقبال کے بھائی چوہدری محمد طاہر ، انعام الحق عباسی ، شہزاد احمد چیمہ آزاد امیدوار شامل ہیں ۔ جبکہ عبدالجبار آزاد امیدوار مسلم لیگ (ن )کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں اور زاہد اقبال سابق ایم این اے مسلم لیگ (ن )پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری محمد طفیل کی حمایت کر رہے ہیں کیونکہ چوہدری زاہد اقبال امیدوار کو ایپلنٹ بنچ نے نا اہل قرار دے دیا تھااور زاہد اقبال کی اپیل پر ہائی کورٹ کے لارجر بنچ نے انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دے دی تھی جبکہ تحریک انصاف کے سابق ایم این اے رائے حسن نواز کو بطور امیدوار نا اہل قرار دے دیا گیا تھا اور ان کی اپیل سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اور رائے حسن نواز اپنے بھتیجے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر رائے مرتضیٰ اقبال کی حمایت کر رہے ہیں ۔ یہ سیٹ 16جون 2016کو سپریم کورٹ نے رائے حسن نواز کو نا اہل قرار دینے کے الیکشن ٹربیونل کے فیصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے خالی قرار دے دی تھی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 19ستمبر کو نئے الیکشن کی تاریخ مقرر کی تھی ۔ دریں اثناء قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 162کے ضمنی الیکشن کے انتظامات فوج کی نگرانی میں کرانے کے تمام انتظامات مکمل ہو گئے ہیں ۔اور ضلع ساہیوال میں پولنگ کے موقعہ پر عام تعطیل ہے پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس اور فوج تعینات کر دی گئی ہے اور پولنگ اسٹیشنوں کے اندراور باہر فوج کے جوان تعینات کئے گئے ہیں اور سی سی کیمروں سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کی نگرانی ہوگی اور فوج علاقہ میں گشت بھی جاری رکھے گی۔ این اے 162کے 293پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں این اے 162کے رجسٹرڈ ووٹ 3لاکھ 6ہزار 359ووٹ ہیں جن میں مردانہ ووٹ 1لاکھ 74ہزار 278ووٹ اور زنانہ رجسٹر ڈ ووٹ 1لاکھ 32ہزار 81ووٹ ہیں ۔جبکہ 2013کے انتخاب میں 2لاکھ 96ہزار 452ووٹ تھے جن میں سے 1لاکھ 83ہزار940ووٹ ڈالے گئے اور 4ہزار 856ووٹ مسترد ہوئے تھے ۔ جبکہ 9ہزار 907ووٹ رجسٹرڈ ووٹوں کا اضافہ نئے شناختی کار ڈ بننے کے سبب ہوا ہے اور 2013کے عام انتخابات میں ڈالے گئے ر جسٹرڈ ووٹروں میں 9907نئے رجسٹر ڈ ووٹ اپنا حق رائے دیہی استعمال کرینگے۔علاوہ ازیں قومی اسمبلی این اے 162ساہیوال 293پولنگ اسٹیشنوں میں سے جن بائیس پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا ہے ان میں گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول 6-99آر ، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول 6-99آر ، گرلز پرائمری سکول احمد بھگیلا ، بوائز پرائمری سکول 18اے ڈبلیو ایم ، گرلز ہائی سکول 11-6ایل ، بوائز ہائی سکول میر داد مافی ، بوائز پرائمری سکول نئی آبادی ہڑپہ ، گرلز مڈل سکول چک 10-3ایل ، بوائز مڈل سکول 9-182ایل ، بوائز پرائمری سکول 9-183ایل ، بوائز مڈل سکول 9-185ایل غربی ، گرلز ہائی سکول 9-187ایل ، بوائز مڈل سکول 12-39ایل ، گرلز مڈل سکول 12-39ایل ،بوائز ہائی سکول 11-18ایل ، گرلز ہائی سکول 11-18ایل ، مارکیٹ کمیٹی آفس چیچہ وطنی ، ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ چیچہ وطنی ، گرلز ہائی سکول بلاک نمبر 15چیچہ وطنی ، بوائز پرائمری سکول مال منڈی چیچہ وطنی ، گرلز پرائمری سکول 9-175ایل غربی اور بوائز ہائی سکول 9-164ایل کے پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔ ان پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی کیمرے بھی نصب ہیں اور حساس اداروں کی نگرانی ہوگی۔