لاہور( این این آئی)ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام خود قیاد ت کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے حکومتوں کے آنے جانے سے بالاتر ہو کر ایک جامع قومی پالیسی ترتیب دینے کی ضرورت ہے ۔ ایک انٹر ویو میں ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا کہ دنیا کے بہت سے ممالک پاکستان کے وسائل پر نظر جمائے بیٹھے ہیں لیکن بد قسمتی سے ہم اپنے وسائل سے استفادہ نہیں کر سکے ۔ پاکستان کے پاس اس قدر وسائل ہیں کہ ہم کشکول توڑ کر قرضہ دینے کے قابل ہو سکتے ہیں لیکن اس کیلئے نیک نیتی سے منصوبہ بندی اور اس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو عوام سے جھوٹ نہیں بولنا چاہیے ، اگر معیشت دن دوگنی رات چوگنی ترقی کر رہی ہے تو پھر اس کے اثرات عوام کی زندگیوں پر پڑتے ہوئے بھی نظر آنے چاہئیں۔