اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے عمران خان کے رائیونڈ مارچ کی حمایت کر دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے سب سے بڑے نقادوں میں سے ایک سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے بھی تحریک انصاف کی جانب سے رائیونڈ مارچ اور دھرنے کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے ، ان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف سمیت پاکستان کے کسی بھی شہری یا جماعت کو ملک کے کسی بھی حصے میں احتجاج یا دھرنا دینے کی مکمل آئینی اجازت موجود ہے اور اس سلسلے میں اس کو روکنے کے لئے مسلح جتھوں کی تشکیل ایک غلط اور قابل مذمت اقدام اور آئین کے آرٹیکل 256 کی کھلی خلاف ورزی ہے جس پر قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہئے۔ واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس اور عمران خان کے مابین سیاسی کشمکش کافی عرصے سے جاری ہے اور افتخار چوہدری کی جانب عمران خان کو ہرجانہ کے نوٹس بھی جاری کئے جا چکے ہیں۔