اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ امریکی عدالتیں عمران خان کو گناہ کبیرہ پر طلب کر چکی ہیں ٗ خان صاحب پاکستانی قوم کی نمائندگی کیلئے امریکہ نہ جائیں ٗ وزیر اعظم کانام پانامہ پیپرز میں نہیں ہے ٗ تحریک انصاف کے سربراہ اللہ کا خوف کریں اور سچ بولیں ۔جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ امریکی عدالتوں نے عمران خان کو ان کے گناہ کبیرہ پر طلب کیا ہے ٗانہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے ملک کی کیا خدمت کریں گے اور عام پاکستانی بھی عمران خان کی وجہ سے منفی‘ بے کردار اور مضحکہ خیز تصور کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے شرمناک عمل بیرونی دنیا خصوصاً امریکہ جیسے ملک میں قابل قبول نہیں۔ اس لئے عمران خان سے درخواست ہے کہ وہ پاکستانی قوم کی نمائندگی کیلئے امریکہ نہ جائیں کیونکہ امریکی عدالتیں انہیں پیش ہونے کے لئے طلب کر لیں گی اور کہیں گی عمران خان حاضر ہو جاؤ‘ اس لئے عمران خان اللہ کا خوف کریں اور سچ بولیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا نام پانامہ پیپرز میں نہیں ہے تاہم عمران خان اور جہانگیر ترین سمیت ان کے ساتھیوں کے نام آف شور کمپنیوں میں آئے ہیں۔