کراچی (این این آئی) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے معجزانہ طور پر بچ گیا ہوں۔ میری گاڑی نے کچے میں اترنے کے بعد پانچ قلابازیاں کھائیں۔کار حادثے میں زخمی ہونے کے بعد اپنے ساتھیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ میرے کندھے اور پاوں پر شدید چوٹیں آئی ہیں۔ کارکن پرامن رہیں اور میری صحت یابی کیلئے دعا کریں۔ واضح رہے کہ حیدر آباد میں تنظیمی دورے کے بعد کراچی واپسی پر نوری آباد کے مقام پر فاروق ستار کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں فاروق ستار سمیت چار افراد شدید زخمی ہوگئے تھے۔ دریں اثناء ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا سی ٹی اسکین کلیئر قرار دیا گیا ہے ٗ ڈاکٹروں کے پینل نے انہیں آرام کا مشورہ دیدیا ۔ترجمان لیاقت نیشنل ہسپتال انجم رضوی کے مطابق 12 رکنی ڈاکٹروں کی ٹیم نے فاروق ستار کا مکمل معائنہ کیا ٗ سی ٹی اسکین اور بلڈ ٹیسٹ کلیئر آنے کے بعد انہیں وارڈ میں منتقل کردیا گیا تاہم انہیں آرام کی اشد ضرورت ہے اس لئے انہیں مزید 5 روز ہسپتال میں ہی رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں فاروق ستار نے 4 سے 5 قلابازیاں کھائیں اور انہیں ظاہری طور پر خراشیں آئی ہیں تاہم نیند پوری نہ ہونے کی وجہ سے وہ تھکاوٹ کا شکار تھے جس کی وجہ سے انہیں نیند کی گولیاں دی گئی ہیں۔واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار حیدرآباد سے کراچی آرہے تھے کہ نوری آباد کے قریب ان کی گاڑی الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں فاروق ستار اور ان کے 3 محافظ شدید زخمی ہوگئے تھے۔