لاہور(این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے آئین کے تحت شیڈوکابینہ نہ بنانے کے خلاف دائر درخواست پر قو می اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کو 16ستمبر کو طلب کر لیا ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جسٹس مسعود جہانگیر نے کیس کی سماعت کی ۔ لائزفائونڈیشن فارجسٹس کی طرف سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 91کے تحت اپوزیشن کاشیڈو کابینہ بنانا لازم ہے۔آئین کے تحت شیڈو کابینہ حکومت پر چیک اینڈبیلنس اور حکومتی اقدامات پر نظر رکھتی ہے۔مگر تین سال گزرجانے کے باوجود شیڈو کابینہ نہیں بنائی گئی۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ اس حوالے سے جواب طلبی اور آئندہ کے لئے احکامات دئیے جائیں۔ فاضل عدالت نے دلائل سننے کے بعد قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کو 16ستمبر کو عدالت میں طلب کر لیا ۔