اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایم کیو ایم کے بانی کی ہرزہ سرائی کے بعد متحدہ لندن سے لاتعلقی کا اعلان تو کر چکی ہے لیکن رابطے ابھی تک برقرار ہیں۔ پارٹی کی سنٹرل انفارمیشن کمیٹی کے واٹس ایپ گروپ میں لندن رابطہ کمیٹی کے ارکان اب بھی موجود ہیں۔ ایم کیو ایم کے رہنماء فاروق ستار متحدہ کے بانی اور لندن سے اپنی لاتعلقی کا اعلان کر چکے ہیں۔ فیصلے پاکستان میں ہونے کا نعرہ بھی لگ چکا لیکن رابطے ابھی بھی برقرار ہیں۔ متحدہ کی سنٹرل انفارمیشن کمیٹی کے واٹس ایپ گروپ میں لندن رابطہ کمیٹی نہ صرف موجود ہے بلکہ تمام سرگرمیوں سے بھی آگاہ ہے۔ ایم کیو ایم کی سنٹرل انفارمیشن کمیٹی کا یہ واٹس اپ گروپ صحافیوں کی سہولت کے لئے بنایا گیا تھا، جسے ابھی تک اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا ۔