لاہور (این این آئی )حکومت نے ترمیم شدہ ٹی او آرز پر اپو زیشن کواعتماد میں لینے کیلئے رابطے شروع کر دیئے ،حکومت کی دو رکنی ٹیم نے جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کر کے 15نکاتی ٹی اوآرز کا مسودہ حوالے کیا ۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے ترمیم شدہ ٹی او آرز پر اپو زیشن کو اعتماد میں لینے کیلئے ان سے رابطے شروع کر دئیے ہیں ۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وفاقی وزیر انفارمیشن و ٹیکنالوجی انوشہ رحمان پر مشتمل دو رکنی ٹیم نے جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق سے منصورہ میں ملاقات کر کے پانامہ لیکس کے حوالے سے گفتگو کی ۔ ملاقات کے دوران خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھاکہ پانامہ لیکس کے معاملے پر ڈیڈ لاک نہیں چاہتے بلکہ مسئلے کا حل چاہتے ہیں ۔سراج الحق کا کہنا تھاکہ معاملات کو مذاکرات کے ذریعے ہی حل کرنا بہتر ہے لیکن اپوزیشن بلا امتیاز احتساب چاہتی ہے ۔ ملاقات کے دوران حکومتی ٹیم کی جانب سے 15نکاتی ٹی اوآرز کا مسودہ بھی سینیٹرسراج الحق کو دیا گیا ۔