اسلام آباد(این این آئی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو اپوزیشن کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ذرائع کے مطابق اتوار کو بنی گالا میں عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں شاہ محمود قریشی، نعیم الحق، فیصل جاوید، نعمان وزیر اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاناما لیکس اور ٹی او آر کمیٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو ٹی او آر کمیٹی کی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاناما دستاویزات پر وزیراعظم اور ان کے اہلخانہ کا احتساب نہیں چاہتی اس لئے اب کمیٹی میں مزید رہنے کا کوئی فائدہ نہیں۔اجلاس کے دوران چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاکہ پاناما لیکس کا معاملہ دبانے کی حکومتی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے اوراگراس معاملے پر کمیشن نہ بنا تو عید کے بعد سڑکوں پر آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی رویہ مایوس کن ہے جو احتساب سے بھاگ رہی ہے جبکہ حکومت ایک بار پھر شریف خاندان کی کرپشن اور ٹیکس چوری سے عوام کی توجہ ہٹانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ اجلاس کے دوران شاہ محمود قریشی نے منگل کو ہونے والے ٹی او آر کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرنے یا بائیکاٹ سے متعلق عمران خان سے ہدایت مانگی جس پر عمران خان نے انہیں اپوزیشن کے ساتھ مل کر آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کردی۔واضح رہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے ٹرمز آف ریفرنس طے کرنے کیلئے حکومت اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل کمیٹی کے 7 اجلاس ہوچکے ہیں تاہم دونوں جانب سے ڈیڈ لاک برقرار ہے ٗ کمیٹی کا آئندہ اجلاس منگل کو اسلام آباد میں ہوگا۔