اسلا م آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان اور بھارت اپنے معطل مذاکرات آئندہ ماہ میں بحال کریں گے، ذرائع کے مطابق پاکستان آگلے ماہ کی یکم تاریخ کو اپنی ٹیم پٹھانکوٹ حملوں کی تحقیقات کےلیے بھارت بھیج رہا ہے۔ جنگ رپورٹرصالح ظافر کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمشنر نے وزیر اعظم سے ملاقات میں رکے ہوئے مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے کوئی خصوصی پیغام نہیں پہنچایا۔ بھارتی وزارت خارجہ میں ’گوتم بمبانوالہ ‘ چین کے امور کے ماہر کے طور پر معروف ہیں اور پاک چین سفارتی قربت اور اقتصادی راہداری کے حوالے سے حالیہ پیشرفت کے بعد پاکستان میں ان کی تقرری معنی خیز ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کی تقرری کو اسی پس منظر میں اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ بمبانوالہ بھارت کی جانب سے تعینات کیے جانے والے پہلے پارسی سفیر بھی ہیں۔