اسلام آباد (آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کے 20 اور سندھ کے 6 حلقوں میں دوبارہ الیکشن کرانے کا اعلان کیا ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کوتاہی کا مظاہرہ کرنے والے پولنگ افسروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ہفتہ کے روز بلدیاتی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا کہ بیلٹ پیپرز کی مس پرنٹنگ اور انتخابی نشانات کی غلط الاٹمنٹ کے باعث سندھ اور پنجاب کے چھبیس حلقوں میں دوبارہ پولنگ ہو گی جس کی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ مس پرنٹنگ کے ذمہ داراوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جن حلقوں میں دوبارہ پولنگ ہو گی ان میں بھکر کی یونین کونسل 18 کا وارڈ نمبر چودہ، فیصل ا?باد کی یونین کونسل 176 کا وارڈ نمبر دو ، فیصل ا?باد کی یونین کونسل 111 کا وارڈ چھ شامل ہے۔ گجرات کی یونین کونسل ننانوے اور اٹھارہ، یونین کونسل تریسٹھ کے وارڈ نمبر پانچ اور یونین کونسل نمبر پانچ کے وارڈ پانچ میں بھی دوبارہ پولنگ ہو گی۔ لاہور کی یو سی 231 اور یو سی 185 سمیت 5 مقامات پر دوبارہ پولنگ ہو گی۔ علاوہ ازیں بہاولنگر کی 5 یونین کونسلز کے مختلف وارڈز میں بھی دوبارہ انتخاب کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ وہاڑی کی یو سی 92 اے کے وارڈ 1 اور ننکانہ کی یو سی 9 کے وارڈ 2 میں بھی دوبارہ انتخاب ہو گا، سندھ میں جیکب آباد کی یونین کونسل 33 میں جنرل ممبر کی ایک نشست پر دوبارہ انتخاب ہو گا، یونین کونسل ناوٹھل میں چیئرمین اور وائس چیئرمین، گھوٹکی کی یونین کونسل میتری میں چیئرمین اور وائس چیئرمین جبکہ گھوٹکی کی لبانو یونین کونسل کی جنرل نشست پر دوبارہ انتخاب ہو گا۔