جہلم(نیوز ڈیسک)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی نے کارروائی کے دوران مبینہ طور پر داعش سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے شر انگیز لٹریچر اور وڈیوز برآمد کرلی ہیں۔ذرائع کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی نے مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر جہلم میں کارروائی کرتے ہوئے علی نامی شخص کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے لیپ ٹاپ اور شر انگیز تحریری مواد برآمد کرلیا۔ سی ٹی ڈی حکام نے دہشت گرد کو حراست میں تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ علی کا تعلق کالعدم دہشت گرد تنظیم داعش سے ہے اور یہ داعش سے ہمدردی رکھنے والوں کو تنظیم میں شامل کرنے پر مامور تھا۔گزشتہ روز سی ٹی ڈی نے اٹک کی تحصیل حضرو سے بھی کالعدم لشکرجھنگوی کا مقامی صدر اور داعش کے مبینہ سرگرم کارکن حافظ شاہد فاروقی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز اور دیگر ممنوعہ سامان برآمد کیا تھا۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ٹیکسلا میں سڑک کے کنارے داعش کے پرچم لگائے گئے تھے تاہم اس سرگرمی میں ملوث افراد کا تاحال پتہ نہیں لاگایا جاسکا۔