لاہور(نیوزڈیسک) این اے122 ضمنی الیکشن کے موقع پر ایک نجی کمپنی کی جانب سےایاز صادق کو ووٹ نہ دینے پر ملازمین کو نوکری سے نکال دینے کی دھمکی دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس ضمنی الیکشن کو پاکستانی کی تاریخ کا سب سے اہم ترین ضمنی الیکشن قرار دیا جارہا ہے جس نے پورے ملک کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا رکھی ہے۔ الیکشن میں فتح حاصل کرنے کیلئے تحریک انصاف اور ن لیگ دونوں جماعتوں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات عائد کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کا ووٹ حاصل کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے اب ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے امیدوار ایاز صادق کی حمایتی ایک نجی کمپنی کی جانب سے اپنے ملازمین کو دھمکی دی گئی ہے کہ اگر انہوں نے ایاز صادق کو ووٹ نا ڈالا تو انہین نوکری سے نکال دیا جائے گا۔ کمپنی نے ملازمین سے حلف لیا ہے کہ وہ نہ صرف خود بلکہ اپنے رشتہ داروں اور دوستوں سے بھی ن لیگ کو ووٹ ڈلوائیں گے۔ تاہم اس حوالے سے ایاز صادق کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا گیا ہے۔