لاہور(نیوزڈیسک)این اے 122کے انتخابات میںپاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے اہم ذمہ داری اپنے سرلے لی ۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان متوقع طو رپر آج لاہور میںبیٹھ کراین اے 122کے انتخابی عمل کی نگرانی کرینگے ،پی ٹی آئی نے پنجاب بھر سے 10ہزار کارکنوں کو بلا لیا، قانونی رہنمائی کے لئے وکلا ءبھی پولنگ اسٹیشنوں پر موجود ہوں گے ۔نجی ٹی وی کے مطابق آج این اے 122میں پولنگ کے روز تحریک انصاف نے پنجاب بھر سے دس ہزار کارکنوں کو لاہور بلا لیا ہے۔ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو بھی پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ چیئرمین سیکرٹریٹ میں پی ٹی آئی نے ووٹرز سے رابطے کے لئے کال سنٹر بنا دیا ہے جہاں ووٹرز کو فون کرکے انکا ووٹ کاسٹ کرانے کے عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔تحریک انصاف نے مرکزی انتخابی دفتر میں کنٹرول روم جبکہ چیئرمین سیکرٹریٹ میں مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا ہے۔ کارکنوں کو پولنگ کا عمل شروع ہونے سے پہلے سات بجے پولنگ اسٹیشنز پر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ پولنگ اسٹیشنز پر قانونی رہنمائی کے لئے پارٹی نے وکلا ونگ سے 300وکلا کی خدمات بھی مانگ لی ہیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ عمران خان پولنگ ڈے پر لاہور میں ہوں گے اور تمام انتخابی عمل کی لاہور میں بیٹھ کر خود نگرانی کریں گے۔