کراچی: (آن لائن) ایف آئی اے سندھ زون کوقومی سلامتی کے اداروں کی جانب سے بیرون ملک جائیدادیں بنانے والے صنعتکاروں، سیاستدانوں اور اعلیٰ سرکاری افسران کی ایک طویل فہرست فراہم کی گئی تھی جس میں کراچی، لاہور، اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی سیکڑوں اہم شخصیات شامل ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے کو جامع معلومات فراہم کی گئی ہیں جن میں بیرون ملک جائیدادوں کی خریداری کرنے والے صنعتکار، سیاستدان اور اعلی سرکاری افسروں کے نام، جائیدادوں کے پوسٹل ایڈریس، خریداری کی تاریخ اور جائیداد کی مالیت شامل ہیں۔ اس معاملے کی حساسیت کے پیش نظر ایف آئی اے کے سینئر اور انتہائی قابل تفتیشی افسران نے بڑے پیمانے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ فہرست کے مطابق افراد کے بینک اکائونٹس اور دیگر ریکارڈ کے ذریعے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔