لاہور(نیوزڈیسک)ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنے والوں کے بڑے بول سنے اور پھر ان کا دھڑن تختہ ہوتے دیکھا، عمران خان لیڈر بننا ہے تو نواز شریف جیسا جگرا لے کر آئو۔ لاہور کے ڈونگی گراؤنڈ میں مسلم لیگ نون کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ کل عمران خان نے اوکاڑہ میں نوازشریف کے خلاف اخلاق سے گری باتیں کیں، عمران خان صرف اخلاق سے گری باتیں ہی کرسکتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم یہ باتیں سنتی رہی ہے کہ شہر بند کردو،پیسا ہنڈی سے باہر بھیجو، عمران خان شہر بند کراتے ہیں ہم کراچی میں امن کراتے ہیں، عمران خان نے قوم کے ڈھائی سال ضائع کیے، کوئی ان سے پوچھے چینی صدر کا دورہ کیوں منسوخ کروایا، قوم اصل میں بدلتا پاکستان دیکھ رہی ہے ، اقتصادی راہداری جب مکمل ہوگی تو نیا پاکستان جنم لے گا۔