اسلام آباد (نیوز ڈیسک) رینجرز اور نیب کے بعد اب سندھ حکومت بھی ڈاکٹر عاصم حسین اور پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت کے کچھ دیگر قریبی ساتھیوں کے خلاف ہوگئی ہے اور حکومت نے پیپلز پارٹی کی اپنی حکومت یا پھر اس سے پہلے غیر قانونی طور پر ان افراد کو الاٹ کی جانے والی زمینوں کے معاملات منسوخ کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر با اثر افراد، جن میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری کے کئی بااثر جانے پہچانے دوست شامل ہیں، کو الاٹ کی جانے والی زمینوں کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا عمل جاری ہے۔ لینڈ یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ کے ذرائع نے قومی اخبار کو بتایا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کی کراچی میں بیش قیمت سرکاری زمینوں کی تین الاٹمنٹس منسوخ کی جا رہی ہیں۔ ان ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی ریونیو حکام کو یہ معاملات فوری اقدامات کیلئے بھجوا دیئے گئے ہیں۔ سرکاری زمینوں کی الاٹمنٹ کے کچھ دیگر معاملات میں بھی الاٹمنٹس منسوخ کی جا رہی ہیں اور ان میں وزیراعلیٰ سندھ کے سابق مشیر ڈنشا انکلسریا، سکندر جتوئی اور منظور قادر کاکا کو کی جانے والی الاٹمنٹس شامل ہیں۔ جنگ رپورٹر انصار عباسی کے مطابق لینڈ یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق، متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے کہا گیا ہے کہ وہ ضیا الدین اسپتال کے نام پر ڈاکٹر عاصم کو الاٹ کی جانے والی زمینوں کے معاملات کو دیکھیں۔ ڈاکٹر عاصم کی جن الاٹمنٹس کو سندھ حکومت کی جانب سے منسوخ کیا جا رہا ہے ان میں ایجوکیشن سٹی میں ضیا الدین یونیورسٹی کیلئے الاٹ کی جانے الی 24.26 ایکڑ زمین، بن قاسم، کورنگی میں ضیا الدین میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کیلئے الاٹ کی گئی چار ایکڑ زمین، اسکیم 33 میں ضیاالدین اسپتال کیلئے الاٹ کی گئی دو ایکڑ زمین کے معاملات شامل ہیں۔ رینجرز نے ڈاکٹر عاصم پر اپنی رپورٹ، جو حال ہی میں نیب کو ارسال کی گئی ہے، میں تقریباً 9 ایسی الاٹمنٹس کی نشاندہی کی تھی۔ سیکورٹی ایجنسی نے ان الاٹمنٹس کو ”زمین پر قبضے“ کا معاملہ قرار دیا تھا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے گزشتہ دور حکومت میں ان کے مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے ڈنشا انکلسریا کو الاٹ کی جانے والی چار ایکڑ زمین پر بھی منسوخ کردی گئی ہے۔ اسی طرح کراچی بلڈنگ آفیشل ریزیڈنس کے نام پر منظور قادر کاکا کو دی کی جانے والی پانچ ایکڑ زمین کی الاٹمنٹ بھی منسوخ کی گئی ہے۔ سندھ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ زیب قتل کیس میں مبینہ طور پر ملوث قرار دیئے گئے شاہ رخ جتوئی کے والد سکندر جتوئی کو الاٹ کی جانے والی تین ایکڑ زمین بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔ سکندر جتوئی کو پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کےساتھ تعلقات کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، کلفٹن کے ساحل کے قریب 300 ایکڑ زمین من پسند افراد میں بانٹنے کیلئے کے ایم سی کو منتقل کی گئی تھی ، سندھ ریونیو بورڈ نے یہ الاٹمنٹ بھی منسوخ کر دی ہے۔ کچھ با اثر بلڈرز کو ضلع ملیر میں 70 دیہات کی 2900 ایکڑ زمین کی الاٹمنٹ بھی منسوخ کی جا چکی ہے۔ زمینوں کی الاٹمنٹس منسوخ کرنے کا یہ عمل سندھ بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ماضی کی غلطیاں سدھارنے کی کوششوں کا حصہ ہے جس میں حکمرانوں کی جانب سے گزشتہ چند برسوں کے دوران سرکاری زمینیں با اثر افراد، دوستوں، جاننے والوں میں تقسیم کی گئی تھیں۔ سندھ ریونیو بورڈ کی جانب سے سمری بھجوائے جانے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے صوبہ بھر میں وہ تمام الاٹمنٹس منسوخ کرنے کی اجازت دی تھی جو کالونائزیشن آف گورنمنٹ لینڈ ایکٹ 1912 کے سیکشن 17 کے تحت کی گئی تھیں۔ رینجرز، ایف آئی اے اور نیب کی سندھ میں کرپشن کے خلاف زبردست مہم کے بعد اب سندھ حکومت با اثر افراد اور من پسند شخصیات کو الاٹ کی جانے والی مہنگی سرکاری زمینیں واپس لینے کے معاملے میں حرکت میں آگئی ہے