اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر عبداﷲ الزہرانی نے کہا ہے کہ پاکستانی میڈیا منیٰ میں ہونے والے سانحہ کو بلا وجہ اچھال رہا ہے۔ دنیا بھر میں حادثات ہوتے ہیں۔ روزنامہ نوائے وقت کے سینئرصحافی جاوید صدیق کے مطابق جرمنی کے نیشنل یونٹی ڈے کی تقریب میں نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے سعودی عرب کے سفیر نے کہا کہ سعودی حکومت حجاج کی سہولتوں اور ان کی سیکورٹی کے لئے تمام تر اقدامات کرتی ہے۔ حادثات کہیں بھی رونما ہوسکتے ہیں لیکن پاکستان میں میڈیا سعودی عرب میں بھگدڑ مچنے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں کو غیر ضروری طور پر اچھال رہا ہے۔ ابھی دو روز قبل افغانستان میں ہسپتال پر حملہ میں لوگ مارے گئے ہیں۔ اسی طرح کے واقعات دنیا بھر میں ہوتے ہیں۔ اس سانحہ کی تحقیقات ہو رہی ہے جب تحقیقاتی رپورٹ سامنے آئے گی تو سب کو معلوم ہوگا کہ یہ واقعہ کیسے اور کیوں رونما ہوا۔