اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایسا لگتا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کی جگہ ”داخلی سلامتی پالیسی“ کے نئے خیال نے سنبھال لی ہے اور اس ضمن میں پیر کو وزیر اعظم نواز شریف سے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے ملاقات کرکے انہیں بریفنگ دی اور تفصیلات پیش کیں۔ جنگ رپورٹر صالح ظافر کے مطابق نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اور رہنمائی کے حوالے سے وزیر داخلہ چوہدری نثار کو ہی فوکل پرسن سمجھا جاتا ہے۔ وزیراعظم سے وزیر داخلہ کی ملاقات کے بعد جاری ہونے والے پریس ریلیز میں نیشنل ایکشن پلان کا کوئی ذکر نہیں تھا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کچھ صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے ناکام ہوگئی ہیں جسے سے کسی حد تک وفاقی حکومت کو پریشانی کا سامنا ہے۔ ”انٹرنل سیکورٹی پالیسی“ اسی پریشانی کے نتیجے میں پیدا ہوئی ہوگی۔