پشاور(نیوزڈیسک)پشاور میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی اپنی ہی حکومت کے خلاف میدان میں کودپڑے۔ ایم پی اے فضل الہی کی سربراہی میں مظاہرین نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کو زبردستی روک دیا۔صوبائی حکومت کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے کی ہدایات پر رنگ روڈ پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات ہٹانے کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے۔ تجاوزات کی مسماری کے خلاف پی ٹی آئی کے ممبر صوبائی اسمبلی فضل الہی کی سربراہی میں اچینی بالا کے مکینوں نے شدیداحتجاج کیا ۔ مظاہرین نے بھاری مشینری کا گھیراو کر کے ضلعی انتظامیہ کو تجاوزات کی مسماری سے روک دیا۔ مظاہرین نے انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے تجاوزات کے خلاف جاری حکومتی آپریشن کو زیادتی قراردیدیا۔ انکا کہنا تھا انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے نام پر لوگوں سے روزگار چھینے کی کوشش کی جارہی ہے۔