اسلام آباد( نیوزڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق تحریک انصاف کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے قرار دیا ہے بلدیاتی انتخابات سے متعلق معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے ، ہائیکورٹ مداخلت نہیں کر سکتی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کا فیصلہ سنایا۔ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق تحریک انصاف کے اسد عمر اور الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں نے درخواستیں دائر کر رکھی تھیں۔ اسد عمر اور بلدیاتی انتخابات کے امیدواروں نے ڈرافٹ بل کی بنیاد پر ہونے والے الیکشن کو چیلنج کیا تھا۔ عدالت نے غیر جماعتی بنیادوں پر الیکشن کرانے کیخلاف درخواست مسترد کر دی جبکہ قانون سازی کیے بغیر ڈرافٹ بل پر ہونے والے انتخابات کیخلاف درخواستیں بھی مسترد کر دی گئیں۔ جسٹس نور الحق قریشی نے ریمارکس دیئے کہ کیا سپریم کورٹ کے احکامات کی عدالت عالیہ تشریح کر سکتی ہے؟ عدالت کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے ، ہائیکورٹ مداخلت نہیں کر سکتی۔ دوسری طرف سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کے وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ وہ فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے فیصلہ میرٹ کی بجائے سپریم کورٹ کے الیکشن کرانے کے احکامات کو سامنے رکھتے ہوئے کیا ہے۔