لاہور(نیوزڈیسک) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خاں نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کا آصف زرداری سے ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ مناسب ہے، کوئی زر بابا ہو یا زر کاکا ہر ادارے کو اپنا کام کرنا چاہیے ،کرپشن کی تحقیقات نیب کا کام ہے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا نہیں ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشتگردوں کو پکڑنا چاہیے ۔پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا ءاللہ نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتوں نے تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران (ن) لیگ کا نہیں جمہوریت کا ساتھ دیا تھا۔ مشکل وقت میں پیپلز پارٹی نے بھی آئین کا ساتھ دیا تھا (ن) لیگ کا نہیں، جمہوریت کو کوئی خطرہ ہوا تو مسلم لیگ (ن) بھی آئین کے ساتھ کھڑی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال میں قومی اتفاق رائے کیلئے تمام جماعتوں کا ساتھ مل کر چلنا ضروری ہے چاہے وہ پیپلز پارٹی ہو ،عوامی نیشنل پارٹی یا جمعیت علمائے اسلام ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلز پارٹی یا متحدہ قومی موومنٹ بھتہ خوری میں ملوث نہیں پارٹیوں میں کچھ عناصر ایسی سر گرمیوں میں ملوث ہوتے ہیں اور سیاسی جماعتوں کو ان سے لا تعلقی اختیار کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ دھرنوں کا مقصد ملک کو معاشی بدحالی کا شکار کرنا تھا، اگر جمہوری نظام کو کوئی بھی خطرہ ہو اتو (ن) لیگ دفاع کرے گی۔