کراچی (نیوزڈیسک) نیب نے بدعنوان افسران کیخلاف کارروائیاں تیز کردیں۔ ٹی ایم او سیہون ظہور شاہانی، ٹی ایم او سجاول ممتاز زرداری سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا، ملزمان کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہیں۔بدعنوانوں کیخلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے بھرپور ایکشن میں ہیں۔ کرپشن کے الزامات پر مزید 5 اہم سرکاری شخصیات کو گرفتار کرلیا گیا۔کراچی ایئرپورٹ پر حساس ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے پیپلزپارٹی سکھر کے اہم عہدیدار محمد علی شیخ کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم پر بدعنوانی کے الزامات ہیں، جبکہ محمد علی شیخ اہم شخصیت کے دست راست بھی بتائے جاتے ہیں۔ادھر نیب نے ٹی ایم او سجاول ممتاز زرداری کو بھی حراست میں لے لیا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ سرکاری افسر پر سجاول میں 10 کروڑ روپے کے غبن کا الزام ہے، ممتاز زرداری کے پاس بیک وقت 4 عہدوں کا چارج ہے۔دوسری جانب نیب نے کروڑوں روپے کی کرپشن کے میں ملوث ٹی ایم او سیہون ظہور شاہانی، انجینئر ادریس میمن اور سابق ٹی ایم او رحمت اللہ میمن کو گرفتار کرلیا۔ترجمان نیب کے مطابق ملزمان جعلی ٹھیکیداروں کو چیک جاری کرنے، جعلی خرید و فروخت اور گھوسٹ ملازمین کے نام پر رقوم بھی وصول کرتے رہے ہیں۔