اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) پاک فضائیہ کے ڈپٹی چیف، وائس ایئر مارشل اورنگزیب احمد کا کہنا ہے کہ دنیا کے کئی ممالک پاکستان سے تربیت حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔
مسلح افواج کی مشترکہ پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جے 10 سی، جے ایف 17، ایف 16 اور رافیل جیسے جدید طیارے اپنی جگہ اہم ہیں، تاہم اصل فرق اعلیٰ معیار کی تربیت، پیشہ ورانہ سوچ اور قیادت ڈالتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان فضائیہ مختلف ممالک کو تربیتی سہولیات فراہم کر رہی ہے اور کئی ممالک کی طرف سے بڑی تعداد میں تربیت کی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فضائیہ کو بین الاقوامی مشقوں میں باقاعدگی سے مدعو کیا جاتا ہے، جو ہمارے تربیتی نظام کی اعلیٰ سطح کا ثبوت ہے۔
وائس ایئر مارشل نے مزید کہا کہ اگرچہ جدید پلیٹ فارم اہم ہوتے ہیں، لیکن اصل برتری تربیت، لیڈرشپ، نظم و ضبط اور حکمت عملی سے حاصل ہوتی ہے۔ کسی بھی ہتھیار یا پلیٹ فارم کا مؤثر استعمال ہی اصل کامیابی کی بنیاد بنتا ہے۔