اسلام آباد( آن لائن)اپوزیشن چیئرمین نیب کو پارلیمان طلب کرنے کے موقف سے پیچھے نہ ہٹنے کا فیصلہ کرلیا ہے ،ذرائع کے مطابق سینیٹ میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا اہم اجلاس طلب کرلیا گیا، متحدہ اپوزیشن
کا اہم اجلاس 30 دسمبر کی صبح دس بجے پارلیمنٹ ہائوس کمیٹی روم نمبر ایک میں ہوگا۔اجلاس میں چیئرمین نیب کو طلب کرنے سمیت ایجنڈے پر غور کیا جائیگا،سلیم مانڈوی والا کی چیئرمین نیب کے خلاف تحریک استحقاق شامل نہ کرنے کے بعد کی حکمت عملی پر بھی غور ہوگا، ذرائع نے بتایا کہ متحدہ اپوزیشن چیئرمین نیب کی پارلیمان میں طلبی کے موقف پر قائم ہیں،چیئرمین نیب کے خلاف تحریک استحقاق اور قراردادکسی صورت واپس نہیں لی جائیگی،ذرائع نے مزید بتایا کہ چیئرمین نیب کو طلب کر کے اپوزیشن کے خلاف یکطرفہ کارروائی پر احتجاج کیا جائیگا جبکہ وزیر اعظم عمران خان ،وزراء سمیت دیگر حکومتی عہدیداروں کے خلاف نیب میں دائر کیسزسے متعلق پوچھ گچھ اور احتجاج ریکارڈ کرایا جائیگااور اس حوالے سے ایک طویل فہرست بھی تیار کی جارہی ہے جو چیئرمین نیب کے سامنے رکھی جائے گی ۔