پشاور،راولپنڈی(این این آئی)خیبرپختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں کرونا کے تمام مریض صحت یاب ہوگئے۔فوکل پرسن برائے کرونا ڈاکٹر ہدایت اللہ کے مطابق اسلام آباد لیب بھیجے گئے چوالیس افراد کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی جس کے بعد ضلع لکی مروت کے تمام کرونامریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ضلع لکی مروت میں اس وقت کروناسے متاثرہ کوئی مریض نہیں ہے۔دریں اثناراولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی میں کورونا کے 25 مریض صحتیاب ہوگئے ۔
ایم ایس ڈاکٹر خالد رندھاوا کے مطابق آر آئی یو سے صحت یاب ہو کر گھروں کو جانیوالوں کی مجموعی تعاد 167 ہوگئی ۔ ڈاکٹر خالد کے مطابق مریضوں کو اپنے اپنے گھروں کو بھیج دیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ اتنی بڑی تعدادِ میں کورونا وائرس کے مریضوں کا صحتیاب ہونا ہماری کامیابی ہے۔ڈاکٹر خالد رندھاوا نے کہاکہ تمام پچیس مریض چودہ دنوں سے آر آئی یو میں کورونا سنٹر میں زیر علاج تھے۔ اس موقع پر ایک مریض نے بتایاکہ صحتیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل اسٹاف اور انتظامیہ کی کوشش کو سراہتے ہیں۔