اسلام آباد(آن لائن )وزارت قومی صحت نے کورونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار جاری کردیے۔وزارت قومی صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں میں بڑی تعداد مردوں کی ہے اور وائرس سے انتقال کرنے والے 80 فیصد افراد 51 برس سے زائد عمرکے مرد ہیں۔وزارت قومی صحت کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں سے 65 فیصد 50 سال سے کم عمر ہیں۔اعداد و شمار میں
بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے اب تک انتقال کرنے والے افراد میں 71 فیصد دیگر جان لیوا امراض کا شکار بھی تھے جب کہ انتقال کرنے والوں میں سے 94 فیصد افراد زیرعلاج رہنے کے بعد گزرگئے اور کورونا سے موت کا شکار ہونے والوں میں سے 61 فیصد وینٹی لیٹرزپر رہنے کے بعد انتقال کرگئے۔واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 14 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 300 سے زائد افراد وائرس سے انتقال کرچکے ہیں۔