اسلام آباد (این این آئی)اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے کل جمعہ سے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق چند روز قبل رہبر کمیٹی نے جے یو آئی ف کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں شاہراہیں بند کرنے کے لیے دیئے جانے والے دھرنے ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
رہبر کمیٹی نے ملک بھر میں ضلعی سطح پر احتجاجی مظاہرے کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی نے سے ملک میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔اکرم درانی کا کہنا ہے کہ کل جمعہ سے ہر شہر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے،عوام کو جلد ہی خوشخبری ملے گی۔ انہوں نے کہا عمران خان اخلاقی طور پر مستعفی ہوں۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ میں عدالتوں کے پیچھے چھپنے کا معاملہ ختم ہوا،الیکشن کمیشن کے فارن فنڈنگ کیس کے بعد عمران خان سمیت پارٹی ختم ہو جائے گی۔انہوں نے کہاکہ پورے ملک کے تمام ادارے حکومت سے مایوس ہیں،کسان تاجر ڈاکٹر سب احتجاج کررہے ہیں،عوام جلد ہی اچھی خبر سنے گی۔ صحافی نے سوال کیا کہ دھرنے سے کیا فائدے حاصل ہوئے، اکرم درانی نے جواب دیاکہ دھرنے کا مقصد اور فایدہ جلد عوام کے سامنے آجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہباز شریف جلد ہی وطن واپس آئیں گے،بیماری پر گپ شپ لگائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف بیمار بیوی کو چھوڑ کر وطن واپس آئے۔ انہوں نے کہاکہ بہت سے لوگ ابھی ٹی وی پر بیٹھ کر بیماری پر واویلا کررہے ہیں۔