اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کو عالمی سطح پر تین بڑی کامیابیاں ملی ہیں جس کے تحت پاکستان کو مختلف عالمی کمیٹیوں کی سربراہی مل گئی ہے۔نجی ٹی وی جیو کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو عالمی ماحولیاتی فنڈ کی سربراہی مل گئی ہے جب کہ پاکستان کو روایتی ہتھیاروں کے
کنوینشن کے رکن ممالک کے سالانہ اجلاس کی سربراہی بھی مل گئی ہے جس کے چیئرمین اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب طاہر خلیل ہوں گے۔اس کے علاوہ یونیسکو کے ایجوکیشن کمیشن کے صدر کی حیثیت سے بھی پاکستان کا انتخاب ہوا ہے۔مشیر ماحولیات امین اسلم کا کہنا ہے کہ گرین کلائمیٹ فنڈ کی سربراہی ملنا بڑا اعزاز ہے، پاکستان ماحولیات کے سب سے بڑے عالمی فنڈ کو چیئر کرے گا۔امین اسلم نے کہا کہ پاکستان کو فنڈز کے حصول میں آسانی ملے گی، ماحولیات کے لیے عالمی ممالک 100 ارب ڈالر کا فنڈ مختص کریں گے جب کہ پاکستان اب تک 140 ملین ڈالرز کا فنڈز لے چکا ہے۔مشیر ماحولیات نے کہا کہ سربراہی ملنے سے مزید فنڈز کا حصول آسان ہو جائے گا، پاکستان 10 ارب درخت اگانے کے لیے بھی معاونت حاصل کر سکے گا۔