اسلام آباد (این این آئی) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری نے اسمبلی سے اجتماعی استعفوں ،ملک کے تمام بڑے شہروں میں لاک ڈائون اور جیل بھرو تحریک کے آپشن دیتے ہوئے کہا ہے کہ حتمی فیصلہ رہبر کمیٹی کریگی ،تمام اپوزیشن جماعتیں آزادی مارچ کا حصہ ہیں۔
ہمارا قومی سطح کا مطالبہ ہے۔ آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبد الغفور حیدری نے کہاکہ ہمارا واسطہ ایک نااہل حکومت سے پڑا ہے،ہم نے بہت سی مشکلوں کا سامنا کیا ہے لیکن ایسی آمریت نہیں دیکھی،آزادی مارچ کا دوسرا روز ہے، ان کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم مستعفی ہو۔ انہوںنے کہاکہ تمام اپوزیشن جماعتیں آزادی مارچ کا حصہ ہیں،ہمارا قومی سطح کا مطالبہ ہے،ہم کہتے ہیں ہمارے ادارے جانبدار ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم اپوزیشن جماعتیں سیاسی ہیں ہم سیاسی انداز میں عمران سے لڑنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے بیان نہیں آنا چاہیے تھا ،آپ کو سرحد پر توجہ دینی چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان آپ کو قوم کے فیصلے کو ماننا اور جھکنا پڑے گا،ایک کروڑ نوکری دینے کا وعدہ کیا لیکن اقتدار میں آتے ہی 26 لاکھ لوگ بے روز گار کر دئیے،پی ایم ڈی سی کو ایک آرڈیننس کے تحت تحلیل کر دیا گیا، 300 ملازمین کو بے روز گار کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم شٹر ڈاؤن ہڑتال بھی کرا سکتے ہیں اور ڈی چوک بھی جا سکتے ہیں،ہمارے سربراہ جو فیصلہ کریں گے ان پر من و عن عمل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ف نے قانون کی خلاف ورزی کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔
ہم بتانا چاہتے ہیں کہ ہم نے معاہدے کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ آپ نے راستے بند کر دئیے، پیٹرول پمپ بند کر دیے ہیں،معاہدے کی خلاف ورزی ان کی طرف سے ہو رہی ہے ہماری طرف سے نہیں۔ اس موقع پر مولانا عبد الغفور حیدری نے تین آپشن پیش کرتے ہوئے اسمبلی سے اجتماعی استعفوں ،ملک کے تمام بڑے شہروں میں لاک ڈائون اور جیل بھرو تحریک شروع کر سکتے ہیں تاہم حتمی فیصلہ رہبر کمیٹی کریگی۔