اسلام آباد(این این آئی)دفتر خارجہ نے افغانستان سے درخواست کی ہے کہ وہ پشاور میں اپنے قونصل خانے کی بندش کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔دفتر خارجہ نے افغان مارکیٹ سے متعلق متنازع اراضی کے حوالے سے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ ہم افغان وزیر خارجہ کی جانب سے پشاور میں مارکیٹ سے متعلق تمام بیانات کو مسترد کرتے ہیں۔ترجمان کے مطابق یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ اس مسئلے اور اس سے متعلقہ واقعات پر مسخ شدہ اور گمراہ کن
باتیں کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ سے متعلق مسئلہ ایک شخص اور افغانستان میں موجود بینک کے درمیان ہے اور اس ضمن میں عدالت نے 1998 میں اس شخص کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔اس حوالے سے کہا گیا کہ اس قانونی مسئلے پر افغان فریق کی جانب سے خلاف ورزی کی گئی جس کے بعد مقامی انتظامیہ نے کارروائی کی۔دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان میں عدالتی کارروائی کے خلاف کسی بھی قسم کے بیان کو مسترد کرتے ہیں۔