اسلام آباد (این این آئی) پاکستان نے بھارت کی جانب سے ایل او سی پر جارحیت اور سیز فائر کی معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے واقعہ پر شدید احتجاج کیا ہے ۔پیر کو گورو آہلو والیا کو ڈی جی ساؤتھ ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے طلب کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق 28اور 29 ستمبر کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی، نکیال اور رکھ چکری سیکٹرز میں 60 سالہ خاتون
سلامت بی بی اور 13 سالہ ذیشان شہید ہوئے۔ دفترخارجہ نے کہاکہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوئے، دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل سول آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے جو بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے، بھارت اپنی فوج کو 2003 کے سیزفائرمعاہدے کی پاسداری کا پابند بنائے۔