اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)لاکھوں بھارتی فوجیوں کی تعیناتی کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں عوام کے حوصلے بلند، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مقبوضہ وادی میں بھارتی تسلط کے خلاف 23 احتجاجی مظاہرے کیے جا چکے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق عمران خان کے اقوام متحدہ کے 74 ویں جنرل اسمبلی اجلاس میں خطاب کے بعد سینکڑوں کشمیری نوجوان قابض افواج کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔
بھارتی میڈیا نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ 9 مقامات پر کشمیریوں کی بڑی تعداد فوجی رکاوٹوں کو توڑ کر مظاہروں میں شریک ہوئی۔سری نگر کے مختلف علاقوں میں 15 احتجاجی مظاہرے رات میں جب کہ 8 دن کے اوقات میں کیے گئے۔نوجوانوں نے مسجدوں کے اسپیکر سے بھارت مخالف اور آزادی کے نعرے لگائے۔یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن کو 56 روز ہو چکے ہیں۔