اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایٹمی عدم پھیلاؤ اورتخفیف اسلحہ کے مسائل مذاکرات اورسفارتکاری کے ذریعے حل کئے جانے چاہئیں۔پاکستان اور چین کے درمیان اتفاق رائے ہوگیا، نجی ٹی وی کے مطابق یہ اتفاق رائے اسلام آباد میں پاکستان اورچین کے درمیان ہتھیاروں کی فراہمی پرپابندی اور ایٹمی عدم پھیلاؤ پرمشاورت کے چھٹے مرحلے کے دوران ہوا۔فریقین نے ہتھیاروں پرپابندی اورا ن کے خاتمے سے متعلق
کثیرجہتی اداروں کوموثر اور فعال بنانے کی ضرورت پر زوردیا جس سے عالمی اورعلاقائی امن وسلامتی کے ہدف کے حصول میں بامقصد پیشرفت ہوسکے گی۔پاکستان نے دورے پرآئے ہوئے چین کے وفدکواپنے ایٹمی اثاثوں کے کمان اورکنٹرول نظام سے آگاہ کیا جوایٹمی ہتھیاروں پرکنٹرول کے عالمی قوانین اورنظام کے عین مطابق ہے۔چین نے متعلقہ شعبوں میں پاکستان کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی ۔